ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپورمیں نامکمل سڑک معاملے پر ڈپٹی کمشنر نے ٹھیکیدار کمپنی کے افسران کولیا آڑے ہاتھ

کنداپورمیں نامکمل سڑک معاملے پر ڈپٹی کمشنر نے ٹھیکیدار کمپنی کے افسران کولیا آڑے ہاتھ

Sun, 03 Feb 2019 12:49:19    S.O. News Service

کنداپور3؍فروری (ایس او نیوز) بیجاڈی علاقے میں سروس روڈ تعمیر کے سلسلے میں کوتاہی کے لئے ڈپٹی کمشنر پریانکا میری فرانسس نے ٹھیکیدار کمپنی ’نَو یُگ‘ کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور تنبیہ کی کہ اگر سوموار سے اس سڑک کا کام شروع کرتے ہوئے اسے مکمل نہیں کیا تو پھر کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے دوسرا انتظام کرلیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مقامی لیڈروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ بیجاڈی سروس روڈ یو ٹرن سے بیجاڈی جنکشن تک معائنہ کیا جہاں پر سروس روڈ تعمیر کرنے کے لئے پچھلے کچھ عرصے سے کھدائی کی گئی ہے اور صرف وہاں پر بجری(کڑی) ڈال کر چھوڑ دیا گیا ہے۔جس سے عام لوگوں کے ساتھ اسکولی بچوں اور عمررسیدہ افرادکو بہت زیادہ تکلیف ہورہی ہے اور ان کے لئے اس سڑک سے گزرنا دشوار ہوگیا ہے۔ہائی وے کے دونوں طرف کوئی حفاظتی بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے گزرنے والی گاڑیوں کے پھسل کر گرجانے کا خطرہ بھی مسلسل بناہوا ہے۔عوام کی تکلیف اور خدشات کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنرنے ٹھیکے دار کمپنی کے افسران کوبتایا کہ انہیں مزید مہلت دینے کا کوئی سوال ہی پید ا نہیں ہوتا،اس لئے کسی بھی حالت میں سوموارسے تعمیری کام شروع ہوجانا چاہیے۔

مقامی جرنلسٹ آئیشوریا بیجاڈی نے بتایا کہ سال 2015سے 2019تک اس علاقے میں 80سے زیادہ حادثات ہوچکے ہیں۔ان حادثات میں 5افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔مقامی افراد اور دکانداردھول اور مٹی کی وجہ سے مسلسل پریشانی کاشکار ہیں۔کنداپور کاہائی وے بھی پوری طرح مکمل نہیں ہوا ہے۔ سڑک پر روشنی کا نظام ڈھنگ سے کام نہیں کررہا ہے۔اس سب کے باوجود کمپنی ٹول وصولی کا کام باقاعدگی سے کررہی ہے۔

اس کے علاوہ موقع پر موجود عوام نے نویگ کمپنی کے انجینئروں اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے آفیسر سیمسن کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ لوگوں نے اتنے سالوں سے کام سست رفتاری کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہائی وے کی تعمیر میں اتنی لمبی تاخیر کے بعد اب سروس روڈ کے لئے کھدائی کرکے چھوڑ دی ہے۔ اس سے ہم لوگوں کاجینا مشکل ہوگیا ہے۔آخر ہم لوگوں کو حادثہ پیش آنے اور نقصان پہنچنے پر کون ذمہ دار ہوگا۔‘‘

اس موقع پرنویُگ کمپنی کے افسران کی ٹیم کے علاوہ تحصیلدار ٹیپّے سوامی بھی موجود تھے۔


Share: